اہم خبریں

سپیکر قومی اسمبلی نے قائداعظم بارے نامناسب الفاظ کا معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز    )سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بعد میڈیا پرسنز کی جانب سے بابا قوم قائداعظم کے بارے میں نامناسب الفاظ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیا جبکہ ارکان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے رکن سمیت کوئی بھی ہو قائداعظم کے بارے میں کسی کو بات کرنے کی جرات نہیں ہونی چاہئے۔عمران خان ہو یا کوئی بھی اس کا قائداعظم کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جانا چاہئے۔شیخ روحیل اصغر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ایک میڈیا پرسن گوہر بٹ کا وی لاگ سن کر انتہائی تکلیف ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ اوریا مقبول جان کے حضرت قائداعظم کے بارے میں ریمارکس سے انتہائی تکلیف پہنچی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ”قائداعظم بھی اتنے مقبول نہیں تھے جتنا عمران خان ہے”۔ انہوں نے کہا کہ حضرت قائداعظم کے ساتھ کسی کا موازنہ کرنا درست نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی نے ذوالفقار علی بھٹو شہید جیسے عظیم لیڈر اور مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کا موازنہ کبھی قائداعظم کے ساتھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ جو اپنے محسنوں کے بارے میں ایسے الفاظ استعمال کرتے ہیں ،کو یہاں سے سخت پیغام جانا چاہئے تاکہ آئندہ کسی کو اپنے محسنوں کے بارے میں ایسی بات کرنے کی جرات نہ ہو۔ سپیکر نے شیخ روحیل اصغر کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ حضرت قائداعظم کے بارے میں ایسی بات کرنا درست نہیں ہے انہوں نے اس معاملے کو استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیا۔ سائرہ بانواور غوث بخش مہر نے کہا کہ قائداعظم کے بارے میں اے این پی کا کوئی سینیٹر ہو یا کوئی بھی کسی کو بات کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔

متعلقہ خبریں