کراچی(نیوزڈیسک)ایم کیوایم پاکستان نے مردم شماری میں مبینہ بے ضابطگیوں پر تحفظات سے وزیر اعظم شہباز شریف کو آگاہ کر دیا۔وزیر اعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے یہاں ملاقات کی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور ملک میں جاری مردم شماری پر تبادلہ خیال کیا ۔وفد میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام امین الحق اور سابق رکن قومی اسمبلی فاروق ستار، جاوید حنیف موجود تھے۔ملاقات میں وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق بھی شامل تھے۔ایم کیوایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے مطابق ملاقات میں مردم شماری سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ہمارے تحفظات کو غور سے سنا۔فاروق ستار کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اگلے ہفتے مردم شماری کی ٹیکنیکل ٹیم سے ملاقات کروائیں گے۔وزیر اعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ بے ضابطگیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔















