چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر مستعفی ہوجائیں،سراج الحق

لاہور( نیوز ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانیکی ذمہ داری پوری نہ کرسکا،
مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو متعدد نتائج جاری کرنے سے روک دیا

الیکشن کمیشن نے ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا،منصورہ میں اجلاس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں سب کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں تھی ، یہ عوام، ووٹرز کے ساتھ زیادتی تھی ،

جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،انہوں نے کہا کہ جعلی الیکشن کے نتیجہ میں جو حکومت بنے گی وہ بھی جعلی ہوگی، عالمی اداروں اور میڈیا نے بھی الیکشن پر سوالات اٹھا دیئے ، ان انتخابات سے مزید عدم استحکام پیدا ہوگا، پولرائزیشن بڑھا دی گئی،

امیر جماعت نے الیکشن نتائج کو جعلی اور دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کے فوری استعفیٰ اور تحقیقات کیلئے آزاد اور غیر جانبدار کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ بلوچستان سمیت دور دراز علاقوں سے نتائج وصول ہورہے تھے

لیکن ملک کی تجارتی شہ رگ اور اہم ترین شہر کے رزلٹ روک کر جعلسازی کی گئی اور چوتھے پانچویں نمبر پر موجود پارٹی کو پہلے نمبر پر لاکھڑا کیا گیا، کراچی کے عوام اس جعل سازی کو قبول نہیں کریں گے، جماعت اسلامی اس کے خلاف بھرپور احتجاج کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے نتائج کو درست نہ کیا تو احتجاج کو اسکے ہیڈ آفس اسلام آباد تک وسیع کر سکتے ہیں، آزاد امیدوار بھی ہمارے ساتھ مظاہرے میں شریک ہونا چاہیں تو خوش آمدید کہیں گے۔