کیپ ٹاؤن ( اے بی این نیوز) آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2027 کے شیڈول کا اعلان یکم اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں کیا جائے گا۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی اور کرکٹ ساؤتھ افریقہ مشترکہ طور پر ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کریں گے، جس کے ساتھ ٹورنامنٹ کا ایک سالہ کاؤنٹ ڈاؤن بھی شروع ہوجائے گا۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2027 میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی اور میگا ایونٹ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی کے مطابق ٹورنامنٹ میں 57 میچز ہوں گے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 30 ستمبر تک ورلڈکپ میں شرکت کرنے والی 14 میں سے 10 ٹیموں کا فیصلہ ہوجائے گا، جبکہ باقی ٹیموں کی حتمی پوزیشن بعد میں واضح ہوگی۔
دوسری جانب ورلڈکپ 2027 کے ٹکٹوں کے لیے بھی خصوصی نظام شروع کیا جائے گا۔ شائقین یکم اکتوبر سے ٹکٹوں کے حصول کے لیے بیلٹ میں رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ آئی سی سی نے شائقین کو ٹکٹوں اور دیگر معلومات کے لیے اپنی ویب سائٹ پر دلچسپی رجسٹر کرانے کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈکپ 2027 اکتوبر اور نومبر میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کے 12 مقامات پر کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم، عوام کے لیے بڑا اعلان سامنے آگیا















