اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت سستا پیٹرول حاصل کرنے کے خواہشمند شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ صرف اہل اور نظام میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے لیے جاری کیے گئے فیول ٹوکن کی تصدیق کے بعد ہی رعایتی پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان علی بٹ کے مطابق حکومتی طریقہ کار کے تحت پمپ مالکان اسی گاڑی کو رعایتی پیٹرول فراہم کرسکتے ہیں جس کا ٹوکن نظام میں موجود اور قابلِ تصدیق ہو۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر رجسٹرڈ گاڑی یا موٹرسائیکل کے لیے پمپ عملے پر دباؤ نہ ڈالیں۔
حکومت کے مطابق فیول ریلیف اسکیم کے تحت رجسٹریشن اور ٹوکن کا پورا عمل ڈیجیٹل نظام کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔ شہری رجسٹریشن کے بعد 9771 پر پیغام بھیج کر فیول ٹوکن حاصل کرتے ہیں، جسے پٹرول پمپ پر دکھانے کے بعد رعایتی ایندھن فراہم کیا جاتا ہے۔
تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 25 ستمبر تک اسکیم میں 58 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے تھے، جبکہ تقریباً 61 لاکھ ٹوکن جاری کیے جاچکے تھے اور 47 لاکھ افراد رعایتی ایندھن حاصل کرچکے تھے۔
اسکیم کے تحت اہل موٹر سائیکل، رکشہ اور دیگر دو یا تین پہیوں والی گاڑیوں کو فی لیٹر 100 روپے تک ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ 800 سی سی تک کی اہل گاڑیوں کے لیے بھی رعایت مقرر ہے۔ حکومت نے موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی صارفین کے لیے فی ٹوکن پانچ لیٹر کی حد بھی ختم کردی ہے۔
حکام کے مطابق فیول ریلیف اسکیم کی نگرانی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جا رہی ہے، جبکہ پٹرول پمپوں پر رجسٹریشن، ٹوکن اور رعایتی ایندھن کی فراہمی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:ڈکی بھائی اور عروب جتوئی کی ویڈیو وائرل، صارفین نے آڑے ہاتھوں لے لیا















