اہم خبریں

ملائیشیا میں سوگ کی فضا، سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی اہلیہ چل بسیں

ملائیشیا میں سوگ کی فضا، سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی اہلیہ چل بسیں

کوالالمپور (اے بی این نیوز) ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی اہلیہ ڈاکٹر سیتی حسمہ محمد علی 100 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے مخزانی مہاتیر اور مہاتیر محمد کے دفتر نے کی ہے۔

ملائیشیا کے سرکاری خبر رساں ادارے برنامہ کے مطابق ڈاکٹر سیتی حسمہ نے کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں آخری سانس لی۔ وہ اپنے شوہر مہاتیر محمد اور سات بچوں کو سوگوار چھوڑ گئی ہیں۔

ڈاکٹر سیتی حسمہ ملائیشیا کی ابتدائی خاتون ڈاکٹروں میں شمار ہوتی تھیں اور صحت عامہ، زچہ و بچہ کی صحت، دیہی خواتین کی ترقی اور سماجی بہبود کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیتی رہیں۔

مہاتیر محمد اور سیتی حسمہ کی ملاقات 1940 کی دہائی میں سنگاپور میں طب کی تعلیم کے دوران ہوئی تھی۔ دونوں نے اگست 1956 میں شادی کی اور رواں برس اپنی شادی کی 70ویں سالگرہ منائی۔ ان کے سات بچے ہیں۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے سیتی حسمہ کے انتقال پر مہاتیر محمد اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ حکومت نے ان کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ 101 سالہ مہاتیر محمد ملائیشیا کے طویل عرصے تک وزیراعظم رہنے والے رہنماؤں میں شامل ہیں۔ وہ 1981 سے 2003 تک وزیراعظم رہے، جبکہ 2018 میں دوبارہ اس منصب پر فائز ہوئے اور 2020 میں مستعفی ہوگئے۔
مزید پڑھیں‌:لانگ مارچ موخر کرنے کا معاملہ، پی ٹی آئی اور اتحادیوں میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے

متعلقہ خبریں