اسلام آباد (اے بی این نیوز) پی آئی اے نے فضائی میزبانوں کی جانب سے سگریٹ کی مبینہ اسمگلنگ روکنے کیلئے دورانِ ڈیوٹی سگریٹ لے جانے کی حد مقرر کردی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق فضائی میزبان دورانِ فلائنگ ڈیوٹی صرف ایک سگریٹ پیکٹ، یعنی زیادہ سے زیادہ 20 سگریٹ اپنے ساتھ لے جا سکیں گے۔ مقررہ حد سے زائد سگریٹ لے جانے پر متعلقہ فضائی میزبان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی، جس میں معطلی یا فلائنگ ڈیوٹی سے ہٹایا جانا بھی شامل ہے۔
سرکلر میں ہدایت کی گئی ہے کہ فضائی میزبانوں کو پرواز کی روانگی سے قبل بریفنگ کے دوران نئی پابندی سے آگاہ کیا جائے تاکہ قواعد کی خلاف ورزی سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملتان سے جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز کے پانچ فضائی میزبانوں سے مبینہ طور پر بڑی تعداد میں سگریٹ کے پیکٹ برآمد ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد پانچوں فضائی میزبانوں کے خلاف پی آئی اے کے شعبہ ہیومن ریسورسز میں تحقیقات جاری ہیں۔
مزید پڑھیں: امن معاہدہ مسترد، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک فیصد سے زائد بڑھ گئیں















