اہم خبریں

انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کے لیے اہم خبر، آخری تاریخ بڑھانے کی تجویز

انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کے لیے اہم خبر، آخری تاریخ بڑھانے کی تجویز

کراچی (اے بی این نیوز) انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی مقررہ ڈیڈ لائن میں ایک ماہ توسیع کا مطالبہ سامنے آگیا۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت اور ایف بی آر سے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر سے بڑھا کر 31 اکتوبر 2026 کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ڈیڈ لائن میں توسیع سے ٹیکس دہندگان کو سہولت ملے گی، ٹیکس قوانین کی تعمیل بہتر ہوگی اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا آئی آر آئی ایس نظام زیادہ بوجھ کے باعث سست روی، تکنیکی خرابیوں اور بعض اوقات بندش کا شکار ہو رہا ہے، جس کے باعث ٹیکس دہندگان اور ٹیکس ماہرین کو ریٹرن جمع کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

عاطف اکرام شیخ کے مطابق کاروباری برادری قومی خزانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم ٹیکس قوانین اور گوشواروں میں مطلوب اضافی معلومات سے متعلق حالیہ تبدیلیوں کے باعث بھی ٹیکس دہندگان کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار پہلے ہی دباؤ کا شکار ہیں۔ ایسے حالات میں ڈیڈ لائن میں توسیع نہ ہونے کی صورت میں کئی کاروباری اداروں کو بروقت ریٹرن جمع کرانے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے وزیرِ اعظم، وزیرِ خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ موجودہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کریں۔

واضح رہے کہ ابھی ڈیڈ لائن میں توسیع کا سرکاری اعلان نہیں ہوا؛ ایف پی سی سی آئی کی جانب سے 31 اکتوبر تک توسیع کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے موجودہ نظام کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن آن لائن آئی آر آئی ایس کے ذریعے جمع کرائے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:ایشین گیمز میں جیولین تھرو، ارشد ندیم سے متعلق بڑی خبر سامنے آگئی

متعلقہ خبریں