نومئی واقعات میں گرفتار امریکی شہریوں سے متعلق پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں، ویدانت پٹیل

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ 9مئی کے واقعات میں گرفتار امریکی شہریوں کی گرفتاری سے متعلق پاکستانی حکومت سے رابطے میں ہیں۔تفصیلات کے مطابق امريکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹيل نے اپنی حالیہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ امریکی سازش سے متعلق الزامات غلط ہیں ، پاکستان کی سیاست سے متعلق فیصلے پاکستانی عوام نے آئین کے مطابق کرنے ہیں ، امریکا ہمیشہ جمہوری پاکستان کو ہی امریکی مفادات کیلئے اہم سمجھتا ہے ۔
ویدانت پٹیل نے کہا پاکستان میں نو مئی احتجاجی مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والے امریکی شہریوں سے متعلق پاکستانی حکومت سے رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرائیویسی کنسرنز کی وجہ سے پورے کیس پر بات نہیں ہوگی لیکن کوئی امریکی شہری بیرونِ ملک گرفتار ہوتا ہے تو ہم اس کی مدد کیلئے فوراً تیار ہوتے ہیں ،امید ہے پاکستانی حکام گرفتار افراد کے آزادانہ و منصفانہ ٹرائل کی ضمانت کا احترام کریں گے۔