چین،آرٹیفیشل انٹیلی جنس مصنوعات کو سیکورٹی چیک سے گزارنا لازمی قرار

بیجنگ(نیوزڈیسک) چین میں تیار کردہ تمام نئی آرٹیفیشل انٹیلی جنس پروڈکٹس کو عوامی سطح پر لانچ کرنے سے پہلے ’’سیکیورٹی چیک‘‘ سے گزارا جائے گا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چین کے انٹرنیٹ ریگولیٹر کی جانب سے تیار کردہ نئے مسودہ قانون میں کہا گیا ہے کہ اب سے نئی آرٹیفیشل انٹیلی جنس مصنوعات کو مارکیٹ میں لانچ کرنے سے پہلے ’سیکیورٹی چیک‘ سے گزارا جائے گا۔سائبر اسپیس ایڈمنسٹریشن آف چائنا کی طرف سے جاری کردہ مسودہ قانون میں کہا گیا کہ جنریٹیو AI مصنوعات کے عوامی استعمال سے پہلے ان پر قومی انٹرنیٹ ریگولیٹری محکموں کے ذریعے سیکیورٹی اسسمنٹ کا اطلاق ہوگا۔نئے مسودہ قانون کا مقصد جنریٹیو AI ٹیکنالوجی کی صحت مند ترقی اور بہتر معیار کو یقینی بنانا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا کہ AI سے تیار کردہ مصنوعات کو بنیادی معاشرتی اقدار کی عکاسی کرنی چاہیے اور اس میں ریاستی کی تخریب کاری، دہشت گرد یا انتہا پسندانہ پروپیگنڈے، نسلی منافرت یا معاشی اور سماجی نظم کو خراب کرنے والا مواد نہیں ہونا چاہیے۔