تاریخ ٹرمپ کو کیپیٹل ہل پر حملے کا ذمہ دار ٹھہرائے گی، سابق امریکی نائب صدر

واشنگٹن(نیوزڈیسک)سابق امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کہا ہے کہ تاریخ ڈونلڈ ٹرمپ کو 6 جنوری 2021 کے روز کیپیٹل ہل پر ہونے والے حملے کے پیچھے اپنے کردار کے باعث ضرور ذمہ دار ٹھہرائے گی۔واشنگٹن ڈی سی میں سالانہ گریڈرون عشائیہ کی تقریب کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ غلط تھے، مجھے انتخابی نتائج میں ہیراپھیری کا کوئی اختیار نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر ذمہ دارانہ الفاظ نے میرے خاندان، میری، اور اس روز کیپیٹل ہل کی عمارت میں موجود ہر شخص کی جان خطرے میں ڈال دی تھی اور میں جانتا ہوں کہ تاریخ ڈونلڈ ٹرمپ کو اس کیلئے ضرور ذمہ دار ٹھہرائے گی۔ڈونلڈ ٹرمپ کے دور حکومت کے نائب صدر مائیک پینس کا مزید کہنا تھا کہ اس روز جو کچھ ہوا انتہائی شرمناک تھا، ہماری شائستگی کا مذاق اڑایا گیا تھا، میں جب تک زندہ رہوں گا اس روز ملنے والے زخم، انسانی جانوں کے ضیاع اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی بہادری کو بھول نہیں پاؤں گا۔کیپیٹل ہل پر حملے کے وقت مائک پینس وہیں موجود تھے جب ڈونلڈ ٹرمپ کے ہزاروں حامیوں نے کانگریس کو 2020 کے صدارتی انتخابات کے نتائج کی تصدیق سے روکنے کیلئے عمارت پر دھاوا بول دیا تھا۔مائیک پینس وہاں سینیٹ کے صدر کی حیثیت میں اپنا آئینی کردار ادا کرنے کیلئے الیکٹورل کالیج کے ووٹوں کی منظوری کیلئے رسمی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔کیپیٹل ہل کے محاصرے کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کے ذریعے ووٹر فراڈ کے جھوٹے دعوے کرتے ہوئے ری پبلکنز کے حامیوں کو’ ’لڑنے‘‘ کیلئے اکسایا تھا جبکہ انہوں نے مائیک پینس کو نتائج کی تصدیق کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔