سلامتی کونسل ؛ غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور

نیویارک(نیوزڈیسک) سلامتی کونسل میں اسرائیل کی غزہ میں جارحیت کیخلاف قرارداد منظور، قرارداد میں غزہ میں  فوری جنگ بندی کا مطالبہ۔سلامتی کونسل کا اجلاس غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی قرارداد پر رائے شماری کیلئے ہوا جس میں قرارداد کو منظور کرلیا ۔فوری جنگ بندی کی قراردادسلامتی کونسل کے10 رکن ممالک نے پیش کی۔

قرارداد پیش کرنے والے ممالک میں الجزائر، جاپان، ایکواڈور ، سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، مالٹا اور دیگر ممالک شامل تھے۔سلامتی کونسل کے15میں سے 14 ارکان نےقراردادکی حمایت کی جبکہ امریکہ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔قرارداد میں یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی اور غزہ میں بلا رکاوٹ امداد کی رسائی بھی شامل ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایچی سن کالج کے طلباء پرنسپل کے استعفے کیخلاف سڑکوں پر آگئے ، شدید احتجاج
اس سے قبل بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے 4 قراردادیں پیش کی گئیں تھیں تاہم ان میں سے کوئی بھی قرارداد منظور نہیں ہوسکی۔اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے قرارداد کی منظوری پر ردعمل دیتے ہوئے فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس قرارداد کو فوری نافذ ہونا چاہیے، ایسا نہ ہوا تو یہ ناقابل معافی ہوگا۔حماس کی جانب سے سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور ہونےکا خیر مقدم کیا گیا ہے۔حماس کا کہنا ہے کہ قرارداد دونوں طرف سے قیدیوں کے فوری تبادلے کے لیے تیار ہونے پر زور دیتی ہے۔