آرمی چیف جنرل عاصم منیر نوجوانوں کیساتھ عیدگزارنے شمالی وزیرستان پہنچ گئے

پشاور (نیوزڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے خیبرپختونخوا کا دورہ کیا، شمالی وزیرستان، میران شاہ اور اسپن وام کا دورہ ، عیدکا دن پاک فوج کے نوجوانوں کے ساتھ گزاری۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فوجیوں کے ساتھ عید منانے کے لیے شمالی وزیرستان، میران شاہ اور اسپن وام کا دورہ کیا۔

عید کی نماز سے آغاز کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی، فوجیوں کے غیر متزلزل عزم اور قوم کے لیے خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے فوجیوں کو دلی عید کی مبارکباد دی۔جنرل عاصم منیر کو آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، پاک افغان سرحد پر حفاظتی اقدامات پر خصوصی زور دیا گیا۔امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے ملکی ترقی کے لیے نمایاں خدمات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام ہمارے شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے، سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔

آرمی چیف نے دہشتگردی کے ترقی پر مضر اثرات کا ذکر کرتےہوئے امن کی حفاظت کیلئے اجتماعی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز بالخصوص مقامی آبادی پر زور دیا کہ وہ خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنیوالے مخالف عناصر کیخلاف چوکس رہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:رمضان المبارک میں 56 فیصد پاکستانیوں کا وزن کم ہوا،سروے
“قوم کی خدمت میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض پر غیر متزلزل توجہ مرکوز رکھیں،” آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قومی خدمات اور پیشہ ورانہ فرائض پر مستقل توجہ دینے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف کی آمد سے قبل کور کمانڈر پشاور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔