گلگت( اے بی این نیوز )پی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال گلگت کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے سینئر کنسلٹنٹ کارڈیالوجی ڈاکٹر محمد اعجاز ایوب کو مبینہ طور پر ڈیوٹی سے غیر حاضری اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔
جاری مراسلے کے مطابق ڈاکٹر مذکورہ بغیر پیشگی اطلاع یا منظوری کے ڈیوٹی سے غیر حاضر رہے، جبکہ اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ شعبہ کے سربراہ کی جانب سے فوری طور پر ڈیوٹی پر واپس آنے کی ہدایات کے باوجود مبینہ طور پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق اس صورتحال کے باعث مریضوں کی دیکھ بھال، آپریشنز سے قبل لازمی کارڈیالوجی کلیئرنس اور دل کے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی متاثر ہوئی۔ مراسلے میں اس عمل کو پیشہ ورانہ غفلت، غیر مجاز غیر حاضری اور اسپتال کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر محمد اعجاز ایوب کو 24 گھنٹوں کے اندر تحریری وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر قواعد و ضوابط کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔















