اہم خبریں

نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس، نئے صوبوں کے معاملے پر بڑی مشاورت

نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس، نئے صوبوں کے معاملے پر بڑی مشاورت

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اجلاس میں نئے صوبوں سے متعلق پارٹی مؤقف، آئندہ سیاسی حکمت عملی اور پارلیمانی و آئینی پیش رفت پر غور متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس رواں ہفتے بلائے جانے کا امکان ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔

ملک میں نئے صوبوں کا قیام طویل عرصے سے سیاسی اور آئینی بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ مختلف ادوار میں جنوبی پنجاب، بہاولپور اور ہزارہ کو الگ صوبے بنانے کے مطالبات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم سیاسی اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث یہ مطالبات عملی شکل اختیار نہیں کرسکے۔

موجودہ سیاسی صورتحال میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ اجلاس میں نئے صوبوں کے معاملے کو پارلیمنٹ میں لے جانے اور اس حوالے سے آئینی و قانونی پیش رفت پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے صوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت وہی فیصلہ کرے گی جو ملکی اور عوامی مفاد میں ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ ایک صوبہ ریاست پر حملہ آور ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جو وسائل پہلے لڑائی اور ریاست پر حملہ آور ہونے کے لیے استعمال ہوتے تھے، اب وہ عوام کی بھلائی کے لیے استعمال ہورہے ہیں۔

خیال رہے کہ 2012 میں قومی اسمبلی نے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حق میں قرارداد منظور کی تھی، جبکہ پنجاب اسمبلی نے بھی جنوبی پنجاب کو نیا صوبہ بنانے اور بہاولپور کی سابقہ صوبائی حیثیت بحال کرنے کے لیے الگ الگ قراردادیں منظور کی تھیں۔

مسلم لیگ (ن) نے جنوری 2019 میں قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب اور بہاولپور کو الگ صوبے بنانے کے لیے آئینی ترمیمی بل بھی پیش کیا تھا، تاہم مطلوبہ سیاسی حمایت اور آئینی تقاضے پورے نہ ہونے کے باعث معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔
مزید پڑھیں‌:ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

متعلقہ خبریں