اہم خبریں

اعلیٰ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی، بلتستان بار نے بڑا مطالبہ کردیا

اعلیٰ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی، بلتستان بار نے بڑا مطالبہ کردیا

سکردو (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سکردو کے صدر لیاقت علی اعظمی ایڈووکیٹ اور دیگر وکلا نے اعلیٰ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی کے معاملے پر بلتستان ریجن کو نمائندگی دینے کا مطالبہ کردیا۔

سکردو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت علی اعظمی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے اس بار بلتستان ریجن کا حق ہے، ججز کی تعیناتی میں علاقے کے ساتھ مزید ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ججز کی تعیناتی مکمل طور پر میرٹ، اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر کی جائے اور اس بار بلتستان ریجن سے بھی اہل وکلا کو اعلیٰ عدلیہ میں جج تعینات کیا جائے۔

بار صدر کا کہنا تھا کہ بلتستان ریجن میں باصلاحیت، قابل، انصاف پسند اور تجربہ کار وکلا کی کمی نہیں۔ یہاں ایسے وکلا موجود ہیں جو اپنی قابلیت، پیشہ ورانہ تجربے اور قانونی امور پر دسترس کے باعث اعلیٰ عدالتی ذمہ داریاں سنبھالنے کی مکمل اہلیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلتستان کے وکلا طویل عرصے سے عدالتی نظام میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہیں بھی اعلیٰ عدلیہ میں نمائندگی کا برابر حق حاصل ہے۔

لیاقت علی اعظمی ایڈووکیٹ کے مطابق عرصہ دراز سے ججز کی تعیناتی کے معاملے میں بلتستان ریجن کو نظرانداز کیا جاتا رہا ہے، جس کے باعث وکلا اور عوام میں شدید احساس محرومی پایا جاتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ججز کی تعیناتی کسی مخصوص گروہ یا سیاسی وابستگی کے بجائے صرف میرٹ، قابلیت اور عدالتی اہلیت کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔

بار صدر نے بتایا کہ 27 اگست کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے باقاعدہ کانفرنس کے ذریعے حکومت اور متعلقہ اداروں کو بلتستان ریجن کے ساتھ ججز کی تعیناتی کے معاملے میں ہونے والی ناانصافیوں سے آگاہ کیا گیا تھا، تاہم اب تک کوئی خاطر خواہ پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا بنیادی مقصد عوام کو بلاامتیاز انصاف کی فراہمی ہے، اس لیے عدالتی اداروں میں تمام علاقوں کی مساوی نمائندگی اور اہل افراد کی تعیناتی ضروری ہے۔ اس سے نہ صرف علاقائی احساس محرومی ختم ہوگا بلکہ عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد بھی مضبوط ہوگا۔

لیاقت علی اعظمی ایڈووکیٹ نے خبردار کیا کہ اگر اس بار بھی اعلیٰ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی کے دوران بلتستان ریجن کو نظرانداز کیا گیا تو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خاموش نہیں رہے گی اور عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے لیے وکلا کے پاس مختلف آپشنز موجود ہیں، مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیا گیا تو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نے حکومت اور متعلقہ اعلیٰ عدالتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ماضی میں بلتستان ریجن کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے اور اس بار علاقے سے اہل، قابل اور باصلاحیت وکلا کو اعلیٰ عدلیہ میں جج تعینات کرکے بلتستان کو اس کا جائز حق دیا جائے۔
مزید پڑھیں‌:بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے معاملے میں بڑا فیصلہ، اہم پیش رفت سامنے آگئی

متعلقہ خبریں