گلگت (اے بی این نیوز) بشیداس زیرو پوائنٹ کے قریب جی بی اسکاؤٹس کی پٹرولنگ گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے واقعے کا وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے سخت نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ نے آئی جی گلگت بلتستان اور تمام متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حملے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لیے بھرپور کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے آئی جی گلگت بلتستان کو واقعے کی فوری، جامع اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے حملہ آوروں کی شناخت کے لیے تمام دستیاب وسائل، جدید تفتیشی ذرائع اور انٹیلی جنس معلومات بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ملزمان کی گرفتاری میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ واقعے کے محرکات، منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور معاونین کا بھی سراغ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ نے کمشنر دیامر، ڈپٹی کمشنر دیامر اور ڈی ایچ او دیامر کو زخمی پولیس اہلکاروں اور جی بی اسکاؤٹس کے جوان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور ضرورت پڑنے پر انہیں فوری طور پر کسی بڑے طبی مرکز منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کو بشیداس، شیر نالہ اور ملحقہ علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز، نگرانی اور سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
حکام کے مطابق 27 ستمبر کو رات تقریباً 9 بج کر 35 منٹ پر شیر نالہ کے قریب قراقرم ہائی وے پر بشیداس زیرو پوائنٹ کے مقام پر 116 ونگ جی بی اسکاؤٹس کی پٹرولنگ گاڑی پر پہاڑی کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دو ایس ایس یو پولیس اہلکار اور ایک جی بی اسکاؤٹس جوان زخمی ہوئے۔
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر بشیداس ایف ڈبلیو او اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں آر ایچ کیو اسپتال چلاس روانہ کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کی خدمات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے آئی جی گلگت بلتستان سے واقعے کی تحقیقات، ملزمان کی گرفتاری اور پیش رفت سے متعلق رپورٹ بھی فوری طلب کرلی ہے۔
مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا اسمبلی توڑنے کا امکان؟ سہیل آفریدی کے بیان نے سیاسی ہلچل مچا دی















