اہم خبریں

چترال میں افسوسناک حادثہ، ریٹائرڈ نیوی کمانڈو آصف محمود پیراگلائیڈنگ کے دوران جاں بحق

چترال میں افسوسناک حادثہ، ریٹائرڈ نیوی کمانڈو آصف محمود پیراگلائیڈنگ کے دوران جاں بحق

ہری پور (اے بی این نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور کے علاقے خان پور سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ نیوی کمانڈو، ماہر غوطہ خور اور پیراگلائیڈنگ پائلٹ آصف محمود چترال میں پیراگلائیڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آصف محمود اپر چترال کے علاقے بونی میں پیراگلائیڈنگ کے دوران خراب موسم کے باعث لاپتہ ہوگئے تھے، جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق آصف محمود نے گزشتہ روز صبح تقریباً 10 بجے موڑکھو کے زائنی پاس سے لانگ فلائٹ کے لیے اڑان بھری تھی۔ پرواز کے دوران وہ لوٹ اویر اور ریری اویر بانڈہ کے پہاڑی علاقے میں حادثے کا شکار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بجے خراب موسم کے باعث ان سے رابطہ منقطع ہوگیا، جس کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں تلاش شروع کردی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق تلاش کا سلسلہ گزشتہ روز سے جاری تھا، جبکہ جمعہ کو ریسکیو ٹیموں نے اپر چترال کے علاقے بونی کی پہاڑیوں سے آصف محمود کی نعش برآمد کرلی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او مولائی شاہ کی قیادت میں پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور ضروری کارروائی مکمل کی۔

آصف محمود واہ کینٹ میں رہائش پذیر تھے اور ان کا آبائی تعلق خان پور سے تھا۔ وہ پاکستان نیوی سے ریٹائرڈ کمانڈو ہونے کے ساتھ غوطہ خوری اور پیراگلائیڈنگ میں بھی مہارت رکھتے تھے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق پیراگلائیڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
مزید پڑھیں‌:بھارتی اداکارہ جینیفر ونگٹ کی ماں بننے کی خبریں

متعلقہ خبریں