اہم خبریں

آٹے کی قیمت میں اضافہ، 20 کلو تھیلا 3650 روپے کا ہوگیا

کوئٹہ میں آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 50 روپے بڑھ کر 3 ہزار 650 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں اس وقت عام آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3 ہزار 650 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد شہریوں کے لیے روزمرہ استعمال کی اس بنیادی ضرورت کو خریدنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔

دوسری جانب روایتی چکیوں میں تیار ہونے والا آٹا بھی مہنگے داموں فروخت ہورہا ہے۔ شہر میں چکی کے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 4 ہزار سے 4 ہزار 200 روپے کے درمیان بتائی جارہی ہے۔

آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے پہلے سے مہنگائی کا سامنا کرنے والے شہریوں پر مزید مالی بوجھ ڈال دیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بنیادی غذائی ضرورت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ گھریلو اخراجات کو متاثر کررہا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس لیا جائے اور عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

متعلقہ خبریں