اہم خبریں

ابوظبی ائیرپورٹ پر مسافروں کے لیے بغیر رکے امیگریشن کلیئرنس کی سہولت متعارف

ابوظبی: متحدہ عرب امارات جانے اور وہاں سے دوسرے ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے بڑی سہولت متعارف کرادی گئی ہے۔ ابوظبی ائیرپورٹ امیگریشن سہولت کے تحت مسافروں کو طویل قطاروں میں کھڑے ہوئے بغیر امیگریشن کلیئرنس حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے زاید انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جدید بائیومیٹرک ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ کوریڈور قائم کردیا گیا ہے۔ اماراتی حکام کے مطابق اس جدید نظام کے ذریعے مسافروں کی شناخت خودکار انداز میں کی جائے گی، جس سے امیگریشن کے روایتی مراحل میں لگنے والا وقت کم ہوجائے گا۔

نئے اسمارٹ کوریڈور میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جو مسافروں کے چہرے اور دیگر بائیومیٹرک معلومات کی مدد سے ان کی شناخت کرے گی۔ اس طرح مسافروں کو امیگریشن کاؤنٹر پر رکنے اور طویل انتظار کرنے کی ضرورت کم پڑے گی۔

اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کو اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی کے تقاضے برقرار رکھتے ہوئے مسافروں کی آمدورفت کو تیز اور آسان بنایا جاسکے۔

حکام کے مطابق اسمارٹ کوریڈور کی سہولت کسی ایک مخصوص ائیرلائن یا منزل تک محدود نہیں ہوگی، بلکہ تمام ائیرلائنز اور مختلف سفری منزلوں کے مسافر اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اس کے علاوہ انفرادی طور پر سفر کرنے والے افراد، خاندانوں اور گروپس کے لیے بھی یہ سہولت دستیاب ہوگی۔

اسمارٹ کوریڈور متعارف کرانے کا بنیادی مقصد ائیرپورٹ پر امیگریشن کے انتظار کو کم کرنا اور مسافروں کو بہتر سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔ جدید نظام کے ذریعے شناخت کا عمل خودکار ہونے سے ائیرپورٹ پر رش کم کرنے اور مسافروں کی نقل و حرکت بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

متعلقہ خبریں