اسلام آباد: ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی ہے، حکومت نے بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنے کے لیے نیپرا سے رجوع کرلیا ہے۔ مجوزہ اضافے کی منظوری کی صورت میں صارفین پر اکتوبر سے دسمبر 2026 تک مجموعی طور پر 95 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے تین ماہ کے لیے بجلی کے بنیادی نرخوں میں اوسطاً 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کردی ہے۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن نے اس حوالے سے باضابطہ درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو ارسال کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اکتوبر، نومبر اور دسمبر 2026 کے دوران بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ اوسطاً 3 روپے 4 پیسے اضافہ منظور کیا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ مجوزہ اضافہ ستمبر 2026 کے فیول ایڈجسٹمنٹ ریٹ کے مقابلے میں 67 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے۔
حکومتی درخواست پر نیپرا 2 دسمبر 2026 کو سماعت کرے گا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام اضافے کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کریں گے، جبکہ نیپرا تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گا۔
اگر ریگولیٹری اتھارٹی نے درخواست منظور کرلی تو بجلی صارفین کو آئندہ تین ماہ کے بلوں میں اضافی رقم ادا کرنا پڑسکتی ہے۔ اس طرح پہلے سے مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں کا سامنا کرنے والے گھریلو اور دیگر صارفین پر مزید مالی دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اکتوبر 2026 کے لیے بجلی فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی، جبکہ نومبر کے لیے وزارت توانائی کی جانب سے فی یونٹ 92 پیسے اضافے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔
فی الحال مجوزہ اضافے کی منظوری نہیں دی گئی اور صارفین کو نیپرا کے فیصلے کا انتظار ہے۔















