اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان کے پہلے خلاباز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے خلا سے وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے براہِ راست گفتگو کی۔
چائنا مینڈ سپیس ایجنسی کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہفتے کو چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستانی خلاباز ذیشان علی سے براہِ راست رابطہ کیا، یہ رابطہ پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے صدر دفتر میں کیا گیا۔
یہ رابطہ پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ہے، جس کے ذریعے ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو مدارِ زمین میں موجود اپنے خلاباز سے براہِ راست گفتگو کا موقع ملا۔
اس سے قبل ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینزو 24 خلائی مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی سٹیشن پہنچے تھے، وہ اس مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ شامل ہیں اور چین کے 2 خلابازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ خلائی سٹیشن پر سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
خلائی مشن کے دوران پاکستانی خلاباز چین کے ساتھ مشترکہ سائنسی تجربات میں حصہ لے رہے ہیں، ان سرگرمیوں میں تجرباتی نمونوں اور آلات کی تنصیب، ان کی کارکردگی کا جائزہ اور خرد ثقلی ماحول میں مختلف سائنسی تجربات شامل ہیں۔
مزیدپڑھیں: شاہ رخ خان اور کرینہ کپور 15 سال بعد ایک ساتھ، فلم ’کنگ‘ کا نیا گانا ریلیز















