اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان میں نومبر 2026 کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 63 روپے 91 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 54 روپے 96 پیسے کی کمی ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور حکومت کے یومیہ پرائسنگ میکنزم کے تحت نومبر کے دوران عوام کو مسلسل ریلیف فراہم کیا گیا۔ یکم نومبر کو پیٹرول کی قیمت 377 روپے 91 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 402 روپے 96 پیسے فی لیٹر تھا۔
قیمتوں میں مرحلہ وار کمی کے بعد 3 نومبر کو پیٹرول 374 روپے 51 پیسے اور ڈیزل 395 روپے 20 پیسے پر آگیا، جبکہ 5 نومبر کو پیٹرول 362 روپے اور ڈیزل 387 روپے 81 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا۔اسی طرح 7 نومبر کو پیٹرول کی قیمت مزید کم ہوکر 346 روپے اور ڈیزل 378 روپے فی لیٹر ہوگیا۔ 11 نومبر کو پیٹرول 8 روپے کمی کے بعد 338 روپے جبکہ ڈیزل 7 روپے سستا ہوکر 371 روپے فی لیٹر پر آگیا۔14
نومبر تک پیٹرول کی قیمت 328 روپے اور ڈیزل 358 روپے فی لیٹر ہوگئی، جبکہ 20 نومبر کو پیٹرول 322 روپے اور ڈیزل 357 روپے فی لیٹر کی سطح پر آگیا۔حالیہ کمی کے بعد 26 نومبر 2026 سے پیٹرول کی قیمت مزید 4 روپے کم ہوکر 314 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے کمی کے بعد 348 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
اس طرح نومبر کے دوران اب تک پیٹرول مجموعی طور پر 63 روپے 91 پیسے جبکہ ڈیزل 54 روپے 96 پیسے فی لیٹر سستا ہوچکا ہے۔ ڈیزل کی قیمت بھی چار ماہ بعد 350 روپے فی لیٹر سے نیچے آگئی ہے۔حکومت کی جانب سے جولائی 2026 سے جاری یومیہ قیمتوں کے تعین کے میکنزم کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جارہا ہے، جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کی صورت میں عوام کو مزید ریلیف ملنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
مزیدپڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج کا دن کیسا رہے گا؟















