اہم خبریں

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند

مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں پر حملوں اور سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائے جانے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تیل کی عالمی قیمتیں رواں ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ سرمایہ کاروں کی توجہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور تیل کی عالمی ترسیل پر پڑنے والے ممکنہ اثرات پر مرکوز ہے۔

عالمی معیار برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 38 سینٹ یعنی 0.39 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 96.19 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اس سے ایک روز قبل برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 2 ڈالر کا اضافہ ہوا تھا اور یہ 6 نومبر کے بعد بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 1.73 ڈالر یعنی 2.07 فیصد بڑھ کر 85.41 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ امریکا میں تھینکس گیونگ کی تعطیل کے باعث جمعرات کو ڈبلیو ٹی آئی کے سودوں کی معمول کے مطابق بندش نہیں ہوئی تھی۔

اے این زیڈ بینک کے تجزیہ کاروں برائن مارٹن اور ڈینیئل ہائنس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید اضافے کے بغیر بھی برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرسکتی ہے۔ تاہم اس کے لیے عالمی منڈی میں تیل کی دستیاب رسد میں کمی کے واضح شواہد سامنے آنا ضروری ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں عالمی بینچ مارکس مسلسل چار ہفتوں کی گراوٹ کے بعد پہلی مرتبہ ہفتہ وار اضافے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتوں میں عالمی تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک وجہ یہ توقع بھی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں اضافہ نہیں کریں گے۔

تاہم حالیہ کشیدگی، تیل بردار جہازوں پر حملوں اور سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو لاحق خطرات نے عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔

عالمی ماہرین کی نظر اب مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور تیل کی رسد پر پڑنے والے اثرات پر ہے، کیونکہ سپلائی میں نمایاں کمی کی صورت میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں