اہم خبریں

بجلی بندش کا شیڈول جاری، مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ

کوئٹہ میں بجلی بندش کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق 28، 29 اور 30 نومبر کو شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی، مرمتی اور ضروری تکنیکی کاموں کے باعث بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے متاثرہ علاقوں اور بجلی بند رہنے کے اوقات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

کیسکو کے اعلامیے کے مطابق کوئٹہ سٹی گرڈ اسٹیشن کے 11 کے وی اسٹیڈیم، پی ٹی وی، شہباز ٹاؤن اور جی او آر فیڈرز پر 28 اور 29 نومبر کو روزانہ صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بجلی بند رہے گی۔ ان علاقوں میں لائنوں کی منتقلی اور نئے بجلی کے کھمبوں کی تنصیب کا کام کیا جائے گا۔

کیسکو کے مطابق اتوار 29 نومبر کو زرغون گرڈ اسٹیشن کے نواں کلی بائی پاس، صاحبزادہ کاریز، ایف سی ٹروپس اور عسکری ون فیڈرز سے صبح 10 بج کر 30 منٹ سے دوپہر 2 بج کر 30 منٹ تک بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔

اسی روز مری آباد گرڈ اسٹیشن کے مری آباد اور کاسی ٹو فیڈرز پر بھی صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک بجلی بند رہے گی۔

اس کے علاوہ کوئٹہ سٹی گرڈ اسٹیشن کے اولڈ سمنگلی، پی اے ایف سٹی، شہباز ٹاؤن اور انٹرکنیکٹر فیڈرز سے 29 اور 30 نومبر کو روزانہ صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بجلی کی فراہمی روک دی جائے گی۔

پیر 30 نومبر کو سریاب گرڈ اسٹیشن کے سریاب اور اولڈ سیٹلائٹ ٹاؤن فیڈرز سے صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک بجلی بند رہے گی۔

کیسکو کے مطابق مختلف گرڈ اسٹیشنوں اور ٹرانسمیشن لائنوں پر ضروری ٹیسٹنگ اور مرمت کا کام بھی جاری ہے۔

ہفتہ 28 نومبر کو زرغون گرڈ اسٹیشن کے زرغون ون، زرغون ٹو، صاحبزادہ کاریز، عسکری ون اور عسکری ٹو فیڈرز سے صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک بجلی بند رہے گی۔

جبکہ اتوار 29 نومبر کو شیخ ماندہ گرڈ اسٹیشن کے ائیرپورٹ روڈ، ایف سی، واسا، کڈنی سینٹر، دوستین، چشمہ، نوحصار، بیوٹمز اور ویسٹرن بائی پاس فیڈرز سے صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔

کیسکو نے بجلی کی بندش سے متاثر ہونے والے صارفین سے پیشگی معذرت کرتے ہوئے ان سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بجلی کی بندش کے مقررہ اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ضروری کام پہلے سے مکمل کرلیں۔

متعلقہ خبریں