لاہور میں بسنت 2027 کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، پنجاب حکومت نے آئندہ سال 12 سے 14 مارچ تک بسنت منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے شہریوں کی حفاظت کے لیے سخت شرائط عائد کردی ہیں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ غیر محفوظ چھتوں پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ حفاظتی انتظامات مکمل نہ کرنے والی عمارتوں کے خلاف کارروائی بھی کی جاسکے گی۔
ڈیلی پاکستان کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب میں بسنت 2027 کے انتظامات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کی۔ اجلاس میں بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت اور حادثات سے بچاؤ کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں کسی بھی غیر محفوظ یا کمزور چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکومت کی جانب سے تمام عمارتوں کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 دسمبر 2026 سے پہلے اپنی چھتوں پر کم از کم ساڑھے تین فٹ اونچی اور مضبوط حفاظتی دیوار تعمیر کروائیں۔
جن عمارتوں کی چھتوں پر مقررہ اونچائی کی حفاظتی دیوار موجود نہیں ہوگی، وہاں بسنت منانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پرانی عمارتوں اور بجلی کی تاروں کا معائنہ ہوگا
سیکرٹری داخلہ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو ہدایت کی ہے کہ شہر کی پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے پہلے حفاظتی خامیوں کو دور کیا جاسکے۔
اس کے علاوہ جن عمارتوں کی چھتوں کے قریب بجلی کی تاریں موجود ہیں، ان کے مالکان کو بسنت سے پہلے تاروں کو محفوظ بنانے کا پابند کیا گیا ہے۔
حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کو سیل کرنے کا اختیار بھی ڈپٹی کمشنر لاہور کو دیا جائے گا۔
پتنگ اور ڈور کی تیاری و فروخت کی نگرانی ہوگی
ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ بسنت کے دوران پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت پر کڑی نظر رکھی جائے۔ اس مقصد کے لیے مقررہ حدود اور حفاظتی ضوابط کے مطابق نگرانی کی جائے گی تاکہ کسی غیر محفوظ سرگرمی کو روکا جاسکے۔
20 لاکھ موٹر سائیکلوں پر مفت سیفٹی راڈز لگیں گے
بسنت کے دوران موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس لاہور بسنت سے پہلے 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر مفت سیفٹی راڈز نصب کرے گی۔
حکومت نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ لاہور میں بسنت کے دوران شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔















