اہم خبریں

اسلام آباد رجسٹرڈ گاڑیوں کی فزیکل انسپکشن پنجاب میں بند

پنجاب میں اسلام آباد رجسٹرڈ گاڑیوں کی فزیکل انسپکشن کی سہولت ختم ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اب پنجاب میں موجود اسلام آباد نمبر کی گاڑیوں کی منتقلی کے لیے مالکان کو اسلام آباد کے ایکسائز دفتر جانا پڑے گا۔

ایکسائز ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی فزیکل انسپکشن کا عمل پنجاب میں روک دیا گیا ہے۔ اس سے قبل تقریباً دو سال سے اسلام آباد نمبر کی گاڑیوں کے مالکان لاہور، ملتان اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہی اپنی گاڑیوں کی انسپکشن کروا سکتے تھے۔

اس سہولت کے تحت پنجاب کے شہری متعلقہ ایکسائز دفاتر میں جا کر اسلام آباد نمبر کی گاڑیوں کی فزیکل انسپکشن کرواتے تھے۔ اس دوران ایکسائز حکام گاڑی کا معائنہ کرنے کے بعد اس کی تصاویر اور ضروری کوائف آن لائن پورٹل کے ذریعے سسٹم میں اپڈیٹ کر دیتے تھے۔

بعد ازاں پنجاب ایکسائز کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا اسلام آباد کے متعلقہ حکام کو بھیجا جاتا تھا۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد بائیومیٹرک کا عمل کیا جاتا اور گاڑی کی ملکیت منتقل کر دی جاتی تھی۔

ایکسائز ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں یہ سہولت ختم ہونے کے بعد شہریوں کو اسلام آباد ایکسائز دفتر کا رخ کرنا پڑے گا۔ اس فیصلے سے بالخصوص ان افراد کو اضافی وقت اور اخراجات برداشت کرنا پڑ سکتے ہیں جو پنجاب میں رہتے ہوئے اسلام آباد نمبر کی گاڑی خریدتے یا فروخت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں دستیاب فزیکل انسپکشن کی سہولت سے شہریوں کو دوسرے شہر کا سفر کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی اور ان کے وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوتی تھی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد ایکسائز کی جانب سے آن لائن انسپکشن پورٹل کے ذریعے گاڑیوں کی منتقلی کی سہولت بھی روک دی گئی ہے۔ تاہم اس حوالے سے نئی سہولت یا متبادل طریقہ کار سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

متعلقہ خبریں