اہم خبریں

کم عمر لڑکیوں کو دارالامان بھیجنے کے مجسٹریٹ کے احکامات کالعدم قرار

لاہور(اے بی این نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے کم عمر لڑکیوں کے بیانات دفعہ 164 ضابطہ فوجداری کے تحت ریکارڈ کرنے کے بعد انہیں دارالامان بھیجنے کے مجسٹریٹ کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔

عدالت نے قرار دیا ہے کہ مجسٹریٹ کو محض بیان ریکارڈ کرنے کی بنیاد پر کسی لڑکی کو دارالامان میں رکھنے کا اختیار حاصل نہیں، جبکہ کم عمری کی شادی کے بعد رہائش اور تحویل کا فیصلہ صرف لڑکی کی رضامندی کی بنیاد پر بھی نہیں کیا جا سکتا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے رخسانہ حبیب، محمد نعمان اور محمد ذیشان کی تین آئینی درخواستوں پر مشترکہ فیصلہ جاری کیا، درخواستوں میں دو کم عمر لڑکیوں مافیا بی بی اور سلینہ بی بی کو دارالامان میں رکھنے کے مجسٹریٹ کے احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کے تحت 18 سال سے کم عمر لڑکا یا لڑکی بچہ ہے اور کم عمری کی شادی کے نتیجے میں مبینہ شوہر کے ساتھ رہائش، لڑکی کی رضامندی کے باوجود، قانون کے تحت ممنوع ہے، کم عمر لڑکی کی خواہش کو رہائش یا تحویل کے فیصلے میں حتمی حیثیت نہیں دی جا سکتی۔

فیصلے کے مطابق مافیا بی بی کی والدہ نے 31 اگست 2026 کو تھانہ بستی ملوک ملتان میں اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا، مافیا بی بی نے مجسٹریٹ کے سامنے محمد نعمان سے اپنی مرضی سے شادی اور اس کے ساتھ رہنے کا بیان دیا، تاہم والدہ کی جانب سے پیش کردہ نادرا فارم ب کے مطابق لڑکی کی تاریخ پیدائش 21 دسمبر 2009 تھی، مجسٹریٹ نے اسے کم عمر قرار دیتے ہوئے دارالامان بھیج دیا اور بعد ازاں رہائی کی درخواست بھی مسترد کر دی۔

دوسرے مقدمے میں محمد ذیشان نے موقف اختیار کیا کہ سلینہ بی بی نے 25 جولائی 2026 کو اپنی مرضی سے اس سے شادی کی تھی، لڑکی نے مجسٹریٹ کے سامنے بھی اپنی مرضی سے شادی اور ذیشان کے ساتھ رہنے کا بیان دیا، تاہم والد کی جانب سے پیش کردہ فارم ب کے مطابق اس کی عمر 15 سال سے کم تھی، مجسٹریٹ نے اسے نابالغ قرار دے کر دارالامان بھیج دیا، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج نے نظرثانی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی تھی۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ بچوں کے بہترین مفاد، تحفظ، جسمانی و ذہنی صحت، تعلیم اور نشوونما کو مدنظر رکھنا ضروری ہے، بچوں کی خواہشات بھی اہمیت رکھتی ہیں، تاہم انہیں تحویل یا رہائش کے فیصلے کی واحد بنیاد نہیں بنایا جا سکتا۔

عدالت نے مزید قرار دیا کہ دارالامان میں غیر معینہ مدت تک رہائش کسی قانونی فیصلے یا تحویل کے تعین کا متبادل نہیں بن سکتی، کسی لڑکی کو جبری طور پر دارالامان میں رکھنے کے لیے واضح قانونی اختیار ہونا ضروری ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے مجسٹریٹ کے 3، 7، 11 اور 15 ستمبر 2026 کے احکامات سمیت ایڈیشنل سیشن جج کے 10 ستمبر 2026 کے حکم کو بھی کالعدم قرار دے دیا، تاہم عدالت نے دونوں لڑکیوں کی فوری رہائی یا کسی فریق کے حوالے کرنے کے بجائے ان کی موجودہ رہائش عارضی طور پر برقرار رکھنے کا حکم دیا۔

عدالت نے سیشن جج ملتان کو ہدایت کی کہ دونوں لڑکیوں کو دو روز کے اندر پیش کرکے ان سے الگ الگ ملاقات کی جائے، ان کی موجودہ خواہشات معلوم کی جائیں اور عمر سے متعلق شواہد، تحفظ کے خدشات اور والدین یا مبینہ شوہروں کے ساتھ رہائش سے لاحق خطرات کا جائزہ لیا جائے، سیشن جج کو متبادل محفوظ رہائش کے انتظامات سے متعلق الگ الگ رپورٹ آئندہ سماعت سے قبل پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ دارالامان ملتان کو بھی حکم دیا کہ دونوں لڑکیوں کی حفاظت، عزت، صحت اور مشاورت کا خصوصی خیال رکھا جائے، ان کی خواہشات اور تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے خاندان سے مناسب نگرانی میں رابطے کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے دونوں لڑکیوں کو آئندہ سماعت تک دارالامان میں رکھنے کا عبوری حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ انتظام صرف عارضی نوعیت کا ہے اور اس سے لڑکیوں کی تحویل، مبینہ شادی کی قانونی حیثیت یا کسی فریق کی فوجداری ذمہ داری کا حتمی فیصلہ تصور نہیں کیا جائے گا، عدالت نے درخواستیں مزید سماعت کے لیے برقرار رکھتے ہوئے آئندہ سماعت مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
مزیدپڑھیں: مولانا فصل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ سیل،بیٹا گرفتار

متعلقہ خبریں