اہم خبریں

مشفیق الرحیم کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، شائقین کے لیے اہم خبر

مشفیق الرحیم کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، شائقین کے لیے اہم خبر

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر وکٹ کیپر بیٹر مشفیق الرحیم نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر تمیم اقبال نے تصدیق کردی۔

بی سی بی صدر کے مطابق 39 سالہ مشفیق الرحیم فروری 2027 میں انگلینڈ کے خلاف شیڈول پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد طویل طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

تمیم اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مشفیق الرحیم نے چند روز قبل انہیں ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔ ان کے مطابق انہوں نے مشفیق کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان خود کریں، تاہم کھلاڑی کی درخواست پر اب بورڈ کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا جارہا ہے۔

بی سی بی صدر نے مشفیق الرحیم کی بنگلہ دیش کرکٹ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملکی کرکٹ کے لیے اہم اور یادگار خدمات انجام دی ہیں۔

تمیم اقبال نے مزید بتایا کہ بورڈ اپنے مایہ ناز کھلاڑی کے اعزاز میں خصوصی الوداعی تقریب کا انعقاد کرے گا، جبکہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ مشفیق الرحیم کے آخری ٹیسٹ میچ کو یادگار فتح کے ساتھ اختتام تک پہنچایا جائے۔

واضح رہے کہ مشفیق الرحیم نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں اب تک 108 میچز میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کی ہے اور 7 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے ہیں۔ وہ بنگلہ دیش کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:ایران کا امریکا کو بڑا انتباہ، عباس عراقچی کا اہم اعلان

متعلقہ خبریں