سعودی عرب کا تعاون۔۔۔۔دنیا کو طویل ترین افطار دستر خوان

ریاض ( اے بی این نیوز    )سعودی عرب نے برادر مسلم ملک انڈونیشیا میں ایک اعشاریہ 2 کلومیٹر طویل افطار دسترخوان کا اہتمام کیا جس میں ہزاروں روزہ داروں نے شرکت کی۔یہ افطار دسترخوان 1200 میٹر طویل تھا جس پر ہزاروں روزہ داروں کی افطاری کا انتظام کیا گیا تھا۔ پروگرام کی افتتاحی تقریب میں مغربی سوماٹرا کے گورنر انجینیر مہیلدی انصار اللہ، جکارتہ میں سعودی عرب کے سفارت خانے کے مذہبی اتاشی احمد بن عیسیٰ الحازمی اور متعدد سیاسی و اسلامی شخصیات اور یونیورسٹیوں اور اسلامی انجمنوں کے سربراہان نے شرکت کی۔انڈونیشیا کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یہ دسترخوان مغربی سوماٹرا ریاست کے شہر پاڈانگ میں 1,200 میٹر تک پھیلا ہوا تھا، جس میں معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے 8,000 سے زیادہ انڈونیشی شہریوں نے شرکت کی۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور اور دعوت و ارشاد کے زیراہتمام یہ دسترخوان انڈونیشیا کے جزیرہ سوماٹرا میں سجایا گیا جو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا افطار دسترخوان تھا اور یہ گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اندراج کا بھی اہل ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مغربی سوماٹرا کے گورنر نے کہا کہ حکومت اس دسترخوان کو ملک کی تاریخ کے سب سے طویل افطار دسترخوان کے طور پر گینیز بک آف ریکارڈز میں درج کرانے کی کوشش کرے گی۔انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور عزت مآب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا عظیم الشان افطار پروگرام کے انعقاد میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔