پشاور(نیوزڈیسک)جسٹس(ر)ارشدشاہ نے نگراں وزیراعلی خیبرپختونخواکا حلف اٹھا لیا۔ گورنرخیبرپختونخوا غلام علی نے ارشدحسین شاہ سے حلف لیا،اتوار کو تقریب حلف برداری گورنر ہائوس میں منعقد ہوئی،اس سے قبل نئے نگرا ن وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت کے لئے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے اہم اجلاس بلایا، جس میں سابق وزیراعلی محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کے علاوہ لیگل ٹیم اور صوبے کے انتظامی امور چلانے والے افراد شریک ہوئے۔ملاقات میں نئے نگران وزیراعلی کے نام پر غور کیا گیا، اور نئے نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا کے لئے جسٹس (ر)ارشد حسین شاہ کا نام زیرغور آیا۔جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا نام سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے تجویز کیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ چیف جسٹس سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان رہ چکے ہیں اور وہ خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کا حصہ بھی تھے۔















