اسلام آباد( اے بی این نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار( Ishaq Dar) اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی( Abbas Araghchi) کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال، حالیہ پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے لبنان میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بیروت کے بعض علاقوں پر ممکنہ اسرائیلی حملوں کے احکامات پر بھی خدشات کا اظہار کیا۔
عباس عراقچی نے علاقائی سفارتکاری میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے موجودہ صورتحال میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان سے فعال کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے جنگ بندی برقرار رکھنے کی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے خطے کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کا تسلسل موجودہ مفاہمتوں کے تحفظ اور علاقائی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے رابطے برقرار رکھنے اور خطے کی بدلتی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں:بڑی خبر،ایرانی وزیر خارجہ کا امریکا کے خلاف سخت اقدام سامنے آگیا















