اہم خبریں

آج سے مارکیٹس اور شاپنگ مالز کے اوقات بدل گئے، نوٹیفکیشن جاری

آج سے مارکیٹس اور شاپنگ مالز کے اوقات بدل گئے، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں توانائی کے تحفظ کے اقدامات کے تحت کاروباری اوقات محدود کر دیے گئے ہیں جس کے تحت مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات آٹھ بجے بند ہو جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے نئے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات آٹھ بجے بند کر دیے جائیں گے جب کہ ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور تندور رات دس بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کریانہ کی دکانیں، سبزی اور پھلوں کی دکانیں اور بیکری کی دکانیں بھی رات دس بجے بند ہوں گی جبکہ شادی ہالز اور مارکیز کو بھی رات دس بجے تک تقریبات ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق فارمیسی، ہسپتال، میڈیکل لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح نئے اوقات کار کا اطلاق پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور دودھ اور ڈیری شاپس پر نہیں ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیک وے اور ہوم ڈیلیوری کی خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی، جب کہ جم، پیڈل کورٹ اور دیگر کھیلوں کی سہولیات کو بھی پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔

آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی معمول کے مطابق کام جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات توانائی کے موثر استعمال اور بجلی کی بچت کے لیے کیے گئے ہیں جب کہ یہ نوٹیفکیشن اگلے احکامات تک موثر رہے گا۔
مزید پڑھیں‌:کرکٹ کے قوانین بدل گئے، آئی سی سی کا بڑا فیصلہ

متعلقہ خبریں