اسلام آباد( اے بی این نیوز ) انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان علی خواجہ نے خطرناک موادلے جانیوالی گاڑی کے حالیہ حادثے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ خطرناک مواد، پٹرول، ڈیزل، ایتھنول، ایل پی جی، ایل این جی، آتش گیر اور کیمیکل سامان لے جانیوالی تمام ٹرانسپورٹ گاڑیاں جن بر اوگرا سیفٹی پروٹوکولز کی تعمیل نہیں کی جاتی انکے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔آئی جی نے مزید کہا کہ خطرناک مواد جیسے دھماکہ خیز مواد، ٹھوس، مائعات یا گیسی حالت میں آتش گیر مادے کی نقل و حمل کے لیے انتہائی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔آتش گیر مواد کی نقل و حمل کے لیے غیر مجاز اور غیر موزوں گاڑیوں کا استعمال زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور اوگرا کے منظور شدہ ایس او پیز اور قوانین پر عمل درآمد ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔ ان ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں پرتمام ٹول پلازوں اورانٹر چینجز سے موٹرویز پر داخلے پر مکمل پابندی عائدکر دی گئی ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے دائرے اختیار میں آنے والی قومی شاہراہوں پر بھی جو گاڑیاں اوگرا سیفٹی پروٹوکولز کی تعمیل نہیں کرتیں ان کے داخلے پربھی مکمل پابندی عائد کی جائے۔آئی جی نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیوروں، ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور عوام کو ان خطرات کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے۔ ٹول پلازوں پر منظور شدہ ایس او پیز کو سکرینز پر نمایا ں طور پر چلایا جائے۔آئی جی سلطان علی خواجہ نے مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام سے لائسنس /اجازت کے بغیر نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز پردھماکہ خیز مواد، آتش گیر مادہ، آتش گیر مائع، آکسائیڈائزنگ مواد، زہریلے اور متعدی مواد، تابکاری مواد، گلانے والے مواد کی ترسیل اور نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے کیونکہ ایسے خطرناک مواد لے جانے والی گاڑیوں کے حادثات دیگرحادثات کے مقابلے میں انسانی جانوں اور املاک کے لیے شدید خطرے کا باعث ہیں۔















