اہم خبریں

آزاد کشمیر انتخابات کے معاملے پر بڑی اپڈیٹ سامنے آگئی

آزاد کشمیر انتخابات کے معاملے پر بڑی اپڈیٹ سامنے آگئی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں وہ انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔

پی ٹی آئی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا یہ فیصلہ کسی سیاسی فائدے یا نقصان کی بنیاد پر نہیں بلکہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور جمہوری اقدار کے احترام کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اس انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔ وہ اس وقت تک اس عمل کا حصہ نہیں بنے گا جب تک کشمیری عوام کو آزادانہ، منصفانہ اور پرامن سیاسی ماحول میسر نہیں آتا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر اس وقت شدید بحران سے گزر رہا ہے۔ راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں ہزاروں شہری اپنے جائز مطالبات کے حق میں دھرنوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ پنجاب سے آزاد کشمیر کو اشیائے خوردونوش کی سپلائی بھی مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔

تحریک انصاف کے مطابق کشمیری عوام کو مزید سیاسی عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کے بجائے مسائل کا فوری حل تلاش کیا جائے۔

ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کا کہنا ہے کہ عام انتخابات شیڈول کے مطابق 27 جولائی کو ہوں گے۔

آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انتخابی شیڈول 5 جون کو اسمبلی کی آئینی مدت اور قانونی تقاضوں کے پیش نظر جاری کیا گیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے ملتوی ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں، انتخابی شیڈول آئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق جاری کیا گیا، بدنیتی کا تاثر بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت انتخابات کا انعقاد آئینی ذمہ داری ہے، انتخابی شیڈول کسی سیاسی مقصد کے لیے جاری نہیں کیا گیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں‌:بڑی خبر، چیئرمین سینیٹ تہران کے اہم دورے پر روانہ

متعلقہ خبریں