مظفرآباد (اے بی این نیوز) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
سردار تنویر الیاس نے عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
آزاد کشمیر کے وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی بھی آئی پی پی میں شامل ہو گئے، جبکہ آزاد کشمیر کے سابق وزیر صحت انصار ابدالی نے بھی آئی پی پی میں شمولیت اختیار کر لی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے سابق مشیر سردار افتخار رشید بھی آئی پی پی کا حصہ بن گئے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے سردار تنویر الیاس اور ان کے ساتھیوں کا استقبال کیا۔
سردار تنویر الیاس اور ان کے ساتھیوں نے عبدالعلیم خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں آزاد کشمیر سے پیپلز پارٹی کی خاتون رکن تقدیس گیلانی نے استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت پر رکن اسمبلی کو پارٹی پرچم بھی پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات کے معاملے پر بڑی اپڈیٹ سامنے آگئی















