اہم خبریں

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے راولپنڈی، گوجر خان اور لاہور بار کونسل کے وفود کی ملاقات

اسلام آباد(اے بی این نیوز    )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں عدلیہ کے ساتھ ساتھ وکلاء برادری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ ملک میں پارلیمان اور آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز راولپنڈی، گوجر خان اور لاہور بار کونسل کے وفود سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ پارلیمان 22 کروڑ عوام کی دانشگاہ ہے اس کی تکریم ہم سب پر لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ قومی اسمبلی نے گزشتہ ایک سال کے دوران ریکارڈ قانون سازی کی ہے اور عوامی اہمیت کے حامل اہم ایشوز کو زیر بحث لایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش چیلینجز پر قابو پانے کے لیے پارلیمان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ موثر قانون سازی کے ذریعے ملک کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت نے مشکل وقت میں ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالی اور مشکلات کے باوجود ملک کو درپیش چیلینجز سے نکالنے میں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل انتہائی محنتی اور باصلاحیت ہے اور ملک کو درپیش چیلینجز سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلینجز پر قابو پانے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے راولپنڈی، گوجر خان اور لاہور بار کونسل اور وکلاء برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ راولپنڈی، گوجر خان اور لاہور بار کونسل کے وفود نے اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور وکلاء برادری کے لیے ان کے تاثرات کو سراہا۔

متعلقہ خبریں