اسلام آباد( اے بی این نیوز ) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جنین میں اسرائیلی قابض فوج کی فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملوں اور چھاپوں کی مذمت کی ہے۔انہوں نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرکے بے گھر کرنے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا ہے۔ اسپیکر نے کہا ہے کہ بے گناہ فلسطینی مردوں، خواتین اور بچوں پر غیر قانونی چھاپے اور فضائی حملے جیسے واقعات بین الاقوامی قوانین کے منافی اور نفرت کو پھلانے کا باعث ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطینیوں کی اظہار رائے کی آزادی کو صلب کیا جانا بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس نے اسرائیل کے صیہونی دور کے سیاہ دور کی یاد تازہ کر دی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو انسانی حقوق اور پناہ گزینوں کے حقوق کی اس صریحاً خلاف ورزی کی نہ صرف شدید مذمت کرنی چاہیے بلکہ فلسطینیوں کو اسرائیل کے غاصب افواج سے تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انکو مکمل انسانی حقوق فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہیے۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان آزمائش کی اس گھڑی میں فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور پاکستانی عوام فلسطنیوں کی حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے والی سرحدوں کے مطابق فلسطین کو خود مختار ریاست بنانے اور بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کے مطالبے کو دہرایا۔















