اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) عمران خان سمیت سب کو اسمبلی میں واپس آنا چاہیے، کیونکہ عوام نے انہیں منتخب کرکے بھیجا ہے وہ دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے نمائندے کیا کررہے ہیں، اگر انہوں نے صرف تنخواہ اور دیگر مراعات لینی ہیں تو اس کا کچھ فائدہ نہیں ہے۔ آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔چوہدری شجاعت حسین نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت نوید انور چوہدری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ ، سینیٹر مشاہد حسین سید اور چوہدری شافع حسین سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔بعدازاں انہوں نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے اور آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔ ہم سمجھ جائیں گے تو آئی ایم ایف پیسے دے گا، اگر ہم نے سیاست کو نہ سنبھالا تو ایک پیسہ نہیں آئے گا۔چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ نہ فوج نے آنا ہے نہ کسی اور نے آنا ہے، اگر یہ وقت گزر گیا تو پھر کسی کے ہاتھ نہیں آئے گا، ہم سب پاکستان کے لیے کام کریں گے تو بچ جائیں گے، اگر ہم اکٹھے نہ ہوئے تو سب کی تباہی ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیا انتخابات مہنگائی بیروزگاری کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں؟ سب پارٹیوں کی بات چھوڑ کر پاکستان کی بات کریں، پاکستان کی بات ہوگی تو پارٹیاں رہیں گی اور چلیں گی، اگر ہم سمجھے نہیں تو نہ ملک چلے گا اور نہ پارٹیاں چلیں گی۔