اہم خبریں

الیکشن قریب آتے ہی ایم کیو ایم کشتی سے چھلانگ لگا لے گی، عمران اسماعیل

اسلام آباد(نیوزڈیسک)سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ الیکشن قریب آتے ہی ایم کیو ایم کشتی سے چھلانگ لگا لے گی، نجی ٹی وی سے بات چیت میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق پی ٹی آئی رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ آج کا اجلاس کافی اہمیت کا حامل تھا، توقع یہ کی جا رہی تھی کہ اداروں کے سربراہاں حکومت کو سمجھائیں گے کہ معاملات آئین و قانون کے مطابق حل ہونا چاہئے۔پنجاب الیکشن سے متعلق عمران اسماعیل نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قرارداد کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، یہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو ختم نہیں کر سکتی، البتہ عمران خان اور پارٹی کا خیال ہے کہ قانونی کی بالادستی کو قائم رکھنے کے لئے آرمی چیف اپنا کردار ضرور ادا کریں گے۔جسٹس اطہر من اللہ کے اختلافی نوٹس کے حوالے سے سابق گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ہم پہلے بھی دیکھ چکے ہیں، جسٹس اطہر کی اپنی رائے ہے، اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ایم کیو ایم کے تحفظات پر عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیو ایم کبھی ڈوبتی کشتی کے مسافر نہیں رہے، ایم کیو ایم نے لائف جیکٹ پہن لی ہے، چھلانگ لگانے کے لیے تیار ہیں، جیسے ہی انتخابات نظر آئے تو ایم کیو ایم چھلانگ لگا دے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم فون پر آتی جاتی رہی ہے، یہ اپنا فیصلہ خود کبھی نہیں کر پائے، ان کے دفاتر کھولنا ان لوگوں کےاختیار میں تھا جن کے کہنے پر یہ چلتے ہیں، میرے اختیار میں دفاتر کھولنا نہیں تھا۔عمران اسماعیل نے کہا ہم الیکشن آگے لیکر جانے کے لئے تیار نہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی آچکا ہے، لہٰذا ہم پنجاب اور کے پی الیکشن کے علاوہ دیگر اسمبلیوں کے انتخابات کے معاملے پر مذاکرات کرنے کے لئے تیار ہیں۔

متعلقہ خبریں