اسلام آباد( اے بی این نیوز )وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمن خان کانجو نے کہا ہے کہ سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن، اسلام آباد کے ملازمین 2013 سے کنٹریکٹ پر ہیں، انہیں مستقل کرنا گورننگ باڈی کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ جمعہ کو سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کے اداروں کے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ملازمین کی خدمات مختصر مدت کیلئے حاصل کی گئی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ کچھ ملازمین نے سروس ریگولیشنز کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی جو ابھی تک عدالت میں زیر التوا ہے، اس لئے بھرتی کے عمل کو مکمل نہیں کیا جا سکا۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین ون میں ایک پلاٹ کی فائل غائب ہونے کے معاملہ کی تحقیقات کرائی جا رہی ہیں، متاثرہ فریق کی فائل کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔















