اسلام آباد(نیوزڈیسک)ایم کیو ایم عمران خان کی کابینہ میں دوبارہ کیوں شامل ہوئی تھی؟ وفاقی وزیر فیصل سبزواری نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ دسمبر 2019 میں خالد مقبول صدیقی نے عمران خان کی کابینہ سے استعفیٰ دیا۔وفاقی وزیر فیصل سبزواری نے انکشاف کیا کہ ایم کیو ایم کو عمران خان کی کابینہ میں دوبارہ شامل ہونے کیلئے مجبور کیا گیا تھا، ایم کیو ایم اپنی مرضی سے عمران خان کی کابینہ میں واپس نہیں گئی تھی۔کابینہ سے استعفی دینے کے بعد ہمارے مارچ تک عمران خان کی حکومت سے مذاکرات جاری رہے مگر اچانک ہمیں “حکم” دیا گیا کہ دوبارہ عمران خان کی کابینہ جوائن کرلیں۔انہوں نے کہا کہ جب ایم کیو ایم نے کہا کہ مطالبات حل ہوئے بغیر کیسے کابینہ جوائن کرلیں؟ تو جواب میں ایم کیو ایم کے سات کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا، انہیں ٹارچر کیا گیا جس کی وجہ سے ایم کیو ایم کو مجبوراً عمران خان کی کابینہ میں شامل ہونا پڑا۔















