اسلام آباد(اے بی این نیوز)حکومت نے ریگولرسکیم کے تحت حج کیلئے داخل تمام درخواستوں کوقرعہ اندازی کے بغیر منظورکرنے کافیصلہ کیاہے۔ وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈار اوروفاقی وزیرمذہبی واقلیتی امورمفتی عبدالشکورنے جمعرات کویہاں میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ رواں سال ریگولرسکیم کے تحت عازمین کیلئے 44190 کوٹہ تھا جس کے جواب میں 72869 درخواستیں آئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلے سے جو معیاری طریقہ کاررائج ہے ۔اس کے مطابق وزارت مذہبی امورنے پیرکے روز قرعہ اندازی کا پروگرام ترتیب دیا تھا تاہم وزیراعظم محمد شہبازشریف کی رہنمائی اوروفاقی وزیر مذہبی امور کی خواہش پر تمام درخواست گزاروں کی حج درخواستیں قبول کرلی گئی اورتمام درخواست گزاروں کواللہ کے گھرروانہ کئے جانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس کیلئے ضروری زرمبادلہ اوردیگر انتظامات وزیراعظم کی ہدایت اورسٹیٹ بینک کی معاونت سے کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ حجاج کرام پاکستان کیلئے خصوصی دعا کریں۔ پانچ سال پہلے پاکستان کی معیشت دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت تھی جو آج 47ویں نمبر پرہے، حجاج دعاکریں کہ47 ویں معیشت سے 24 ویں معیشت پردوبارہ آنے کاسفرجلدمکمل ہو۔وفاقی وزیرمذہبی واقلیتی امورمفتی عبدالشکورنے اس موقع پرکہاکہ وزیراعظم اوروزیرخزانہ کی مہربانی ہے کہ انہوں نے کشادہ دلی کا مظاہرہ کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ معاشی بحران پوری دنیا میں ہے اورپاکستان میں بھی مسائل ہیں تاہم وزیراعظم اوروزیرخزانہ نے ہمیشہ تعاون فراہم کیاہے۔انہوں نے کہاکہ تمام درخواستیں قرعہ اندازی کے بغیر قبول کی جائیں گی، اللہ پاکستان کواچھے دن دوبارہ دکھائے۔















