لاہور(اے بی این نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا اچانک دورہ، وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ پر مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے پراسیس کے بارے میں پوچھا، جبکہ مسافروں سے امیگریشن پراسیس میں لگنے والے وقت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن میں 30 منٹ لگے، مسافروں نے امیگریشن کے لیے انتظامات مزید بہتر کرنے کی استدعا کی، جس پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مسافروں کو امیگریشن کے عمل کو تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ امیگریشن پراسیس کو تیز کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر تمام کاؤنٹرز اوپن رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ دیگر کاؤنٹرز اوپن ہونے سے امیگریشن میں تاخیر نہیں ہوگی اور مسافروں کو سہولت ملے گی۔
ایک مسافر نے ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت کی، وزیر داخلہ محسن نقوی نے موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے کیس ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد اور ایجنٹ کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ نامکمل سفری دستاویزات پر کسی کو سفر کی اجازت ہرگز نہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے امیگریشن میں آسانی ہوئی ہے اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف شکنجہ سخت ہے، مکمل سفری دستاویزات والے کسی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا۔
مزید پڑھیں۔ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق اپنی شرائط واضح کردیں















