نئی دہلی(اے بی این نیوز )پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبہ سے منایا گیا،ہائی کمیشن کے چانسری لان میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ناظم الامور سلمان شریف نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی،تقریب میں ہائی کمیشن کے افسران، عملہ اور ان کے اہل خانہ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ناظم الامور نے تاریخی دن پر پاکستان کے عوام کو مبارکباد اور تحریک آزادی پاکستان میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بانیان اور شہداءکو خراج عقیدت پیش کیاناظم الامور نے قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے عظیم جدوجہد کی اور پاکستان کو دنیا کے نقشے پر لا کھڑا کیا۔ناظم الامور نے تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 75 سالوں میں متعدد چیلنجز کا سامنا کیا، قوم کی ترقی کیلئے جستجو آج بھی اسی جذبہ سے جاری ہے جس جذبے کے تحت 1947 میں پاکستان معرض وجود میں آیا، پاکستان ہندوستان سمیت اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر پرامن تعلقات کا خواہاں ہے،پاکستان تنازعہ جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے،جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لئے جموں و کشمیر کا بنیادی مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، تقریب میں 23 مارچ 1940ءکو لاہور میں قرارداد پاکستان کی تاریخی منظوری سمیت تحریک پاکستان کے اہم لمحات پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔















