اہم خبریں

صدر مملکت عارف علوی سے سینیگال میں پاکستان کی نامزد سفیر صائمہ سید کی ملاقات

اسلام آباد( اے بی این نیوز  )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیگال کے ساتھ تجارت، معیشت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفادات کے لیے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار سینیگال میں پاکستان کی نامزد سفیر صائمہ سید سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان سینیگال کو مغربی افریقی خطے میں ایک اہم ملک سمجھتا ہے جس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے ٹھوس کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان وزارتی سطح پر دو طرفہ تبادلوں کے انتظامات کے لئے کام کریں۔ صدر مملکت نے کئی سالوں سے ڈاکار میں ہونے والے تجارتی میلوں ( ڈاکار انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر) میں پاکستانی تاجروں کی شرکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس طرح کی نمائشوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر مزید تجارتی نمائشوں کا اہتمام کریں۔ صدر مملکت نے پاکستان اور سینیگال کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت 8000 غیر ملکی طلباء ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے مختلف پروگراموں میں زیر تعلیم ہیں اور سینیگال کے طلباء بھی ورچوئل یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی آن لائن اور فاصلاتی تعلیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر سے یہ بھی کہا کہ وہ بھارت کی اقلیت مخالف اور مسلم دشمن پالیسیوں کے ساتھ ساتھ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں کے خلاف جاری دہشت گردی کو بھی اجاگر کریں۔

متعلقہ خبریں