لاہور (اے بی این نیوز) ملک بھر میں کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو حکومتی سبسڈی کے حوالے سے ایک نئی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق حکومت 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے اور اس نظام کو مزید شفاف بنانے کے لیے تصدیق کا عمل بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق صارفین بجلی کے بل پر کیو آر کوڈ اسکین کرکے اپنی سبسڈی کی تفصیلات دیکھ سکیں گے۔ اس عمل کے دوران صارفین کو ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کے ذریعے تصدیق مکمل کرنی ہوگی، جس کے بعد سبسڈی سے متعلق معلومات تک رسائی ممکن ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بجلی پر دی جانے والی سبسڈی صرف مستحق افراد تک محدود ہو سکتی ہے جس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) یا دیگر فلاحی پروگراموں سے وابستہ افراد بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
اس مجوزہ نظام کے تحت، اہل صارفین کو سبسڈی کے ساتھ بل جاری کیے جائیں گے، جبکہ نااہل صارفین کو سبسڈی کے بغیر بل موصول ہونے کا امکان ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ کیو آر کوڈ کو اسکین کرنے کے بعد صارفین یہ بھی جان سکیں گے کہ ان کے بل میں کتنی سبسڈی شامل کی گئی ہے اور انہیں کس بنیاد پر رعایت دی جا رہی ہے۔
اس ممکنہ اقدام کا مقصد توانائی کے شعبے میں سبسڈی کے نظام کو مزید شفاف، موثر اور مستحق افراد تک محدود بنانا بتایا جاتا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی پالیسی اور سرکاری اعلان کے بعد مزید تفصیلات واضح ہوں گی۔
مزید پڑھیں:سابق اراکین پارلیمنٹ کو بلیو پاسپورٹ دینے کی تجویز، وزارت داخلہ اور سینیٹ آمنے سامنے















