اہم خبریں

شہری خبردار،موٹر ویز پر اہم سفری پابندیاں عائد

لاہور (اے بی این نیوز)نیشنل ہائی وے موٹروے پولیس ( National Highways & Motorway Police )نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹریفک کے دباؤ اور ممکنہ حادثات کے پیش نظر اہم فیصلہ کرتے ہوئے موٹر ویز پر جانوروں سے لدی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق عید کے دنوں میں مویشی منڈیوں سے قربانی کے جانور لے جانے والی گاڑیوں کی بڑی تعداد موٹر ویز پر آتی ہے، جس کے باعث اوورلوڈنگ، ٹریفک جام اور حادثات کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ جانوروں سے لدی گاڑیوں کو موٹر ویز پر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، بلکہ انہیں متبادل قومی اور صوبائی راستوں کے ذریعے سفر کی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا پولیس کو موٹر ویز کے داخلی مقامات پر خصوصی چیک پوسٹس قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی خلاف ورزی کو فوری طور پر روکا جا سکے۔

موٹر وے پولیس نے واضح کیا ہے کہ مویشی منڈیوں اور انٹرچینجز کے قریب غیر قانونی پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

حکام کے مطابق یہ اقدامات شہریوں کی حفاظت اور حادثات میں کمی کے لیے ناگزیر ہیں، خاص طور پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر جب ٹریفک کا دباؤ معمول سے زیادہ ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں‌:سابق صدر آزاد کشمیر کی مسلم لیگ ن میں شمولیت

متعلقہ خبریں