اہم خبریں

امریکا میں شٹ ڈائون ،ہزاروں ملازمین فارغ

واشنگٹن (اے بی این نیوز)امریکا میں اخراجات کا بل منظور نہ ہونے سے حکومتی امور ٹھپ ، خلائی ادارے ناسا سمیت متعدد محکمے بند کر دیئے گئے۔

ناسا نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر ادارے کی بندش کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فنڈنگ کی معطلی کے بعد ادارے کی تمام سرگرمیاں روک دی ہیں، ادارے کے 15 ہزار سے زائد ملازمین کو فارغ کر دیا گیا ہے۔

ناسا نے اعلان کیا ہے کہ صرف وہی محدود عملہ ڈیوٹی پر موجود رہے گا جو ایسے مشن پر کام کر رہا ہے جنہیں روکنے کی صورت میں خلابازوں کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے، یا ایسے حساس آپریشنز متاثر ہو سکتے ہیں جس کی حفاظت ضروری ہے۔

اس کے علاوہ ساڑھے 7 لاکھ وفاقی ملازمین کو جبری چھٹیوں پر بھیج دیا گیا، کیپٹل ہل اور کانگریس لائبریری بھی مہمانوں کے لیے بند کر دی گئی۔شٹ ڈاؤن سے فضائی سفر بھی متاثر ہوگا، سائنسی تحقیق معطل اور امریکی فوجیوں کو تنخواہیں نہیں ملیں گی۔

عوام سے متعلق سرگرمیاں بھی بند کر دی گئیں ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متنبہ کیا ہے کہ بحران حل نہ ہونے کی صورت میں بڑے پیمانے پر برطرفیاں ہو سکتی ہیں۔

واضح رہے امریکا میں یہ شٹ ڈاؤن سینیٹ کی جانب سے عارضی فنڈنگ بل مسترد کرنے کے بعد شروع ہوا، ڈیموکریٹس اور ریپبلکن ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں ، فنڈنگ بل پر آج دوبارہ ووٹنگ ہو گی۔
مزید پڑھیں: وزیر دفاع خواجہ آصف کی آزاد کشمیر کے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل

متعلقہ خبریں