نیویارک(نیوزڈیسک)نیویارک میں ایک گڑھا بننے سے 70 سالہ خاتون اندر جاگریں اور انہیں بچانے والے دیگر دو افراد بھی اس میں گرگئے۔ تاہم امدادی اداروں نے تینوں افرادکوبچا لیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ سفوک کاؤنٹی لانگ آئی لینڈ میں رونما ہوا جس میں ایک بوڑھی خاتون اپنے گھر کے باہر کے پائیں باغ (یارڈ) سے گزررہی تھیں کہ اچانک بننے والے گڑھے میں وہ چھ فٹ گہرائی تک اترگئیں۔ پھر دو افراد انہیں بچانے کے لیے آئے اور وہ بھی گڑھے میں گرے اور باہر نہ نکل سکے۔گڑھے کی چوڑائی بھی چھ فٹ سے کچھ زیادہ تھی۔ فوٹیج کے مطابق گھر کے باہر خالی جگہ پر گڑھا اتنی تیزی سے بنا کہ خاتون کو ہٹنے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔ تاہم پولیس اور دیگر اداروں نے خاتون اور اس کی مدد کو جانے والے دو افراد کو بحفاظت وہاں سے نکال لیا۔اس کے بعد تعمیراتی ماہرین اور انجنیئر اس مقام کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے نمٹا جاسکے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں سڑکوں پر گڑھے بننے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔